کانکنوں کے لئے قائم 25بستروں کے ہسپتال اور مائنز لیبر ویلفیئر پرائمری اور ہائی اسکولوں کا معائنہ کیا

- Advertisement -

کوئٹہ27 نومبر :۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر سیکریٹری معدنیات ومعدنی ترقی زاہد سلیم نے منگل کے روز مائنز ایریا سورینج اور سنجدی کا دورہ کیا اور کانکنوں کے لئے قائم 25بستروں کے ہسپتال اور مائنز لیبر ویلفیئر پرائمری اور ہائی اسکولوں کا معائنہ کیا، ڈی جی ایم ایم ڈی، چیف انسپکٹر مائنز اور مائنز لیبر ویلفیئرکمشنر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سیکریٹری مائنز نے علاقے میں قائم ریسکیو سینٹر میں دستیاب سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔ سیکریٹری مائنز نے اسکولوں میں اساتذہ کی غیرحاضری، ہسپتال اور اسکولوں کی ابتر حالت کا نوٹس لیتے ہوئے اساتذہ کو فوری طور پر حاضر ہونے کی ہدایت کی۔ دورے کے دوران اسکولوں اور ہسپتال کی حالت بہتر بنانے، اور صحت اور پانی کی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں کا پی سی ون تیار کرنے اور محکمہ خزانہ سے ان منصوبوں کے لئے فنڈز کے اجراء کی درخواست کرنے کا فیصلہ کیاگیا جبکہ محکمہ صحت سے ہسپتال میں میڈیکل آفیسرز کی خالی آسامیوں پر ڈاکٹروں اوردیگر طبی عملے کی تعیناتی کے لئے رابطہ کرنے کا فیصلہ بھی کیاگیا۔ اس موقع پر مائنز ریسکیو سینٹر میں جدید آلات کی فراہمی اور تربیت یافتہ عملے کی تعیناتی کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران کانکنوں کو فوری طور پر ریسکیو کرنا ممکن ہوسکے۔