*میڈیا کولیشن میٹنگ :معاشی ترقی کیلئے آبادی اور وسائل میں توازن ناگزیر قرار*
اسلام آباد15 جون: صحافیوں اور پالیسی ماہرین نے آبادی اور وسائل میں توازن کو پاکستان کی معاشی استحکام، انسانی ترقی اور بہتر وسائل کی تقسیم کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے خاندانی منصوبہ سازی ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے اور فنڈز کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔

یہ مطالبات پاپولیشن کونسل اور یو این ایف پی اے کے اشتراک سے منعقدہ میڈیا کولیشن میٹنگ میں سامنے آئے، جس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے میڈیا نمائندگان، پالیسی ماہرین اور ترقیاتی شعبے کے افراد نے شرکت کی۔
پاپولیشن کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر علی میر نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ صحت اور تعلیم پر اخراجات دراصل ملک کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہیں۔ انہوں نے بنیادی سطح پر خاندانی منصوبہ سازی کی خدمات کی فراہمی کے نظام، خصوصاً لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام، کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے درمیان مناسب وقفہ ماں اور بچے کی بہتر صحت کے لیے ضروری ہے اور یہ اسلامی تعلیمات سے بھی ہم آہنگ ہے۔
- Advertisement -
پاپولیشن کونسل کے مینیجر کمیونیکیشن، اکرام الاحد نے اپنی پریزنٹیشن میں نشاندہی کی کہ پاکستان کی آبادی تقریباً 2.5 فیصد سالانہ کی شرح سے بڑھ رہی ہے، تاہم آبادی اور خاندانی منصوبہ سازی کے شعبے پر سرکاری اخراجات خطے کے کئی ممالک کے مقابلے میں کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اہداف کے حصول کے لیے اعداد و شمار اور شواہد کی بنیاد پر پالیسی سازوں اور متعلقہ اداروں کی جوابدہی کے نظام کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ ان کے مطابق خاندانی منصوبہ سازی صحت، معیشت اور انسانی ترقی کے حوالے سے سب سے مؤثر عوامی سرمایہ کاریوں میں سے ایک ہے۔
سینئر اکنامک ایڈوائزر عمار علی قریشی نے کہا کہ آبادی اور وسائل میں توازن محض ایک سماجی مسئلہ نہیں بلکہ معاشی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی آبادی اور معاشی چیلنجز ملک کی ترقی کی رفتار کو متاثر کر رہے ہیں، جبکہ خواتین کی تعلیم اور معاشی سرگرمیوں میں شمولیت پائیدار ترقی اور شرح پیدائش میں کمی کے لیے کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔
اجلاس میں شریک میڈیا نمائندگان نے صحت، تعلیم اور آبادی کے شعبوں میں موجود چیلنجز، محدود وسائل اور خدمات کی فراہمی کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ میڈیا عوامی آگاہی بڑھانے، درست معلومات کی فراہمی، رویوں میں مثبت تبدیلی لانے اور حکومتی وعدوں پر عملدرآمد کی نگرانی کے ذریعے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آبادی میں توازن ایک قومی ترجیح ہے، جس کے حصول کے لیے سیاسی عزم، مناسب مالی وسائل، مؤثر پالیسی عملدرآمد اور مسلسل عوامی آگاہی ناگزیر ہیں۔ میڈیا نمائندگان نے آبادی اور ترقی کے موضوعات پر شواہد پر مبنی اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔