زاہدان میں بلوچ عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی، مکان منہدم
مانیٹرینگ ڈیسک
زاہدان: ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے دارالحکومت زاہدان میں ایرانی سکیورٹی فورسز نے بلوچ عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک مکان منہدم کر دیا۔
ایرانی حکام کے مطابق یکم اکتوبر کو زاہدان کے علاقے منزلآباد میں کارروائی کے دوران 6 مسلح افراد ہلاک ہوئے، جنہیں حکام نے ایک مسلح گروہ کے ارکان قرار دیا۔ کارروائی کے دوران دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا۔
- Advertisement -
مقامی بلوچ ذرائع کے مطابق جھڑپ کئی گھنٹے جاری رہی، جس کے بعد کارروائی کے مقام پر موجود ایک مکان کو منہدم کر دیا گیا۔
ایرانی وزارتِ اطلاعات نے 6 اکتوبر کو دعویٰ کیا کہ زاہدان، ایرانشہر، سرباز اور سراوان میں بلوچ عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جن میں دو افراد ہلاک اور 10 گرفتار ہوئے۔
ایرانی حکام کے مطابق گرفتار افراد کو بیرونِ ملک عسکری اور بم سازی کی تربیت حاصل تھی۔ تاہم ان دعوؤں اور کارروائیوں کی تمام تفصیلات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔