کراچی میں چینی قونصلیٹ پرحملہ پاکستان اور چین کی دوستی کے خلاف گہری سازش ہے ، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان
- Advertisement -
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کراچی میں چینی قونصلیٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں سے مقابلہ میں دوسیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا گیا جبکہ دہشت گردوں کے حملے کو بہادری کے ساتھ بروقت ناکام بنانے اور دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا گیا کابینہ نے دہشت گردی کی اس بزدلانہ کاروائی کو پاکستان اور چین کی دوستی کے خلاف گہری سازش قراردیتے ہوئے کہا کہ حملے میں وہ ملک دشمن قوتیں ملوث ہیں جو نہیں چاہتیں کہ پاکستان ترقی کرے اور سی پیک کے ذریعے پاکستان کی معاشی حالت بہتر ہوسکے، تاہم کابینہ نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور دہشت گردی کی جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کی شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے، دریں اثنا صوبائی کابینہ نے اورک زئی میں ہونے والے بم دھماکے کی بھی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ کابینہ نے کہا کہ بزدل دہشت گرد معصوم انسانی جانوں کو نشانہ بناکر اپنے مذموم مقاصد کا حصول چاہتے ہیں تاہم قوم اتحاد واتفاق کے ساتھ دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بناد ے گی۔ کابینہ نے کراچی واقعہ اور اورک زئی بم دھماکے کے شہدا کے خاندانوں سے تعزیت، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کی درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔