منی لانڈرنگ ملکی معیشت کے لئے زہر قاتل ہے ، کالادھن سفید کرنے والے عناصر ملک کے دشمن ہیں،ڈائریکٹر جنرل نیت بلوچستان محمد عابد جاوید
- Advertisement -
ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان محمد عابد جاویدنے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ ملکی معیشت کے لئے زہر قاتل ہے ، کالادھن سفید کرنے والے عناصر ملک کے دشمن ہیں ،چند افراد کی کرپشن اور منی لانڈرنگ سے پورے معاشرے کو معاشی بد حالی کا وبال جھیلنا پڑتا ہے ، پاکستان میں اینٹی منی لانڈرنگ قوانین پر عمل در آمد سے ملکی معیشت مستحکم ہو سکتی ہے، اس جرم کا دائرہ بہت وسیع ہے، اسلئے تفتشی افسران کی استعدادِ کار میں اضافہ ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی احتساب بیورو بلوچستان میں ©اینٹی منی لانڈرنگ قوانین سے متعلق تفتیشی افسران کے لئے منعقدہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کے دوران کیا۔ڈی جی نیب بلوچستان محمد عابد جاوید نے کہا منی لانڈرنگ پاکستان کو دہشت گردی کے بعد درپیش چیلنجز میں سب سے بڑا چیلنج ہے ۔ کرپشن کے نت نئے طریقوں اور عوام کے ٹیکسز کے پیسوںکی ملک سے باہر غیر قانونی منتقلی نے ہماری معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے ۔ قومیں صرف اس وجہ سے تباہی کا شکار ہوتی ہیں جب قوم کا پیسہ چند ہاتھوں میں ہو اور عوام اُسکے ثمرات سے محروم رہے۔انہوں نے کہا منی لانڈرنگ کے جرم کا دائرہ انتہائی وسیع ہے ، اس جرم کی گھتیاں سلجھانے کےلئے سائنسی بنیادوں پر تحقیق نا گزیر ہے ، آنے والے دنوں میں منی لانڈرنگ سے متعلق کیسز قومی احتساب بیورو کے پاس ہونگے ، جس کے لئے نیب کے تفتیشی افسران کی استعدادِ کار بڑھانے کے لئے گاھے بہ گاھے تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا جائے ۔انہوں نے کہا بین الاقوامی اور ملکی سطح پر جرائم کی نوعیت اور جدید طریقہ واردات کے تناظر میں تفتیشی افسران کی تربیت کے لئے قومی احتساب بیورو عملی اقدامات اُٹھا رہا ہے ۔انہوں نے کہا اینٹی منی لانڈرنگ قوانین پر عمل در آمد سے معیشت کو دوام حاصل ہو گا۔تفتیشی افسران کی یہ اسپیشل تربیتی ورکشاپ اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے تعاون سے نیب ہیڈ کوارٹر نے منعقد کی ہے جسکے لئے ہیڈ کوارٹر ااور اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے مشکور ہیں۔