بلوچستان کے قدرتی وسائل کی تلاش اور صوبے کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا

0

- Advertisement -

کوئٹہ14 نومبر:۔وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین اور وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے یہاں ملاقات کی، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، صوبائی وزراءاور وفاقی و صوبائی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات میںسیاسی امورسمیت بلوچستان کے قدرتی وسائل کی تلاش و ترقی اور مختلف شعبوں میں وفاق اور صوبے کے مابین تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں اس امر سے اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان کے وسائل کو ترقی دے کر بروئے کار لانے سے نہ صرف بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے بلکہ یہ وسائل پورے ملک کے معاشی اور اقتصادی استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے قدرتی وسائل کی تلاش وترقی کے لئے صوبائی حکومت کے موقف کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے، تاہم واضح پالیسی نہ ہونے کے باعث بدقسمتی سے اب تک ان وسائل سے صحیح معنوں میں استفادہ نہیں کیا جاسکا ہے ، صوبائی حکومت نے معدنی وسائل کی ترقی کے لئے جامع پالیسی مرتب کی ہے جبکہ رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں قدرتی وسائل کی ترقی کے کئی ایک منصوبے بھی شامل کئے گئے ہیں جن سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور صوبے کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا، وفاقی نمائندوں نے وزیراعلیٰ کے موقف سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے معدنی شعبہ کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا جبکہ کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں گیس پریشر کی کمی کے خاتمے ، بوسیدہ گیس پائپ لائنوں کی تبدیلی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.