
- Advertisement -
صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا کہ سمندری طوفان “کیار” سے نمٹنے کیلئے بلوچستان کی ساحلی علاقوں میں کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں. صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان آنے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے۔ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ساحلی علاقوں میں ریلیف پہنچانے ور عوام کے تحفظ کے لیے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ تاکہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال میں عوام کو بہترین ریلیف مل سکے۔ انہوں نے پی ڈی ایم اے کے تمام ضلعی افسران و اہلکاران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے جائے تعیناتی پر موجود رہیں اور تمام علاقوں میں اشیاءخوردونوش میں تمام ضروری اشیا موجود رکھیں تاکہ کسی بھی قسم کی صورتحال میں عوام کو جلد از جلد ریلیف مہیا کیا جاسکے۔ صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میرضیا اللہ لانگو نے مزیدکہا کہ اس طوفان سے پاکستان کا ساحلی علاقہ براہ راست خطرہ میں نہیں انشاءاللہ۔ تاہم اس کے باعث مکران کی ساحلی پٹی میں 28 اکتوبر سے 30اکتوبرتک بارشوں کا امکان ہے۔صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے انتظامیہ کے اہلکاروں کو متنبہ کیا کہ وہ 28 اکتوبر سے لوگوں کو خصوصاً ماہیگیروں کو سمندر میں نہ جانے دے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔ اور اس سلسلے میں ہرممکن احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی جائیں۔