صوبے کے بند سکول دوبارہ کھولے جارہے ہیں مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی

0

- Advertisement -

قلعہ سیف اللہ 11 اکتوبر:وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے ثانوی تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ صوبے کے دور دراز علاقوں کے بند سکول دوبارہ کھولے جارہے ہیں۔ غیر فعال سکولوں کی فعالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ماضی کی نسبت آج محکمہ تعلیم میں واضح تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ غیر حاضری سمیت تدریسی اداروں سے گھوسٹ ملازمین کا خاتمہ کرلیاگیا ہے۔ صوبے میں تعلیمی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلعہ سیف اللہ میں منعقدہ تعلیمی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں ارکان صوبائی اسمبلی مولوی نوراللہ اور شاہینہ مہترزئی،ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ عتیق الرحمن شاہوانی،ڈی ای او عطاءاللہ ،نوابزاہ محمود خان جوگیزئی سمیت بڑی تعداد میں علاقے کے قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی مشیر نے کہا کہ تعلیم کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، موجودہ حکومت نے صوبے میں تعلیم کی بہتری کو اپنی پہلی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ تمام اضلاع میں بھرپور طریقے سے تعلیمی بہتری کیلیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ صوبے میں تعلیمی شعبے میں آج تک اتنا کام نہیں ہوا جتنا آج کیا جارہا ہے۔ سالوں سے بند اور غیر فعال سکولوں کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے۔ ماضی میں تعلیم کو یکسر نظرانداز کیاگیا۔ میرٹ کا راگ الاپنے والوں نے صوبے میں تعلیم کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا۔ گزشتہ کئی عشروں سے تعلیم کا شعبہ زبوں حالی کا شکار رہا جس کا نقصان طلباءکو ہوا۔ مشیر تعلیم نے علاقے کے عمائدین سے تفصیلی حال احوال کیا اور ان سے علاقے کے مسائل سنے۔ انہوں نے ضلع میں غیرفعال سکولوں کو جلد ازجلد فعال کرنے کی یقین دھانی بھی کروائی۔انہوں نے سیمینار کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس امید کااظہار کیاکہ آئندہ بھی اسی طرح کے تعلیم دوست پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.