
- Advertisement -
پاکستان کارڈک سوسائٹی ایند ہائپرٹینشن لیگ کوئٹہ کے زیر اہتمام بلوچستان کے سیاحتی ضلع زیارت میں واقع قائد اعظم ریزیڈنسی میں ورلڈ ہارٹ ڈے کے موقع پر سمینار کا انعقاد کیا اور بعد ازاں واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت کوئٹہ چیپٹر کے کوآرڈنیٹر ڈاکٹرجلال الدین اچکزئی نے کی ۔ سیمینار اور واک میں معروف معالج ڈاکٹر مناف ترین ، حقداد ترین ، غفار بلوچ، امان اللہ کاکڑ سمیت علاقائی معتبرین ، زعماء، قبائلی عمائدین ، سیاسی و سماجی شخصیت کے علاوہ سوسائٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ تقریب میں وائس چانسلر بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر نقیب اللہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ تقریب کے شرکاءنے پاکستان کارڈک سوسائٹی ایند ہائپرٹینشن لیگ کی جانب سے واک اورسیمینار کے انعقاد کو سراہتے ہوئے بتایا کہ اس وقت دنیا میں دل کے امراض صحت کے شعبے میں اہم مسائل میں سے ایک ہے جس سے نمٹنے کے لئے نہ صرف احتیاطی تدابیر اپنانے ہوں گے بلکہ اس سے متعلق لوگوں کو آگاہی دے کر اس مرض پر کافی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔ پاکستان کارڈک سوسائٹی ایند ہائپرٹینشن لیگ کوئٹہ کے کوآرڈنیٹر ڈاکٹر جلال اچکزئی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ہم نے اپنی عام زندگی میں غیر ضروری اور نامناسب خوراک اور عادات کی وجہ سے دل کے امراض کا سبب بن رہے ہیں جس میں خاص کر فاسٹ فوڈ کا زیادہ استعمال ، ورزش کا نہ کرنا ، سیگریٹ نوشی ، موٹاپے پر قابو نہ پانا اور وقت کے ساتھ ساتھ اپنا چیک اپ نہ کرانا بڑے وجوہات ہیں ۔ ہمارے ہاں یہ روایت بن چکی ہے کہ جب تک کسی کو دل کی کوئی بیماری لاحق نہ ہو اس وقت تک وہ اپنا چیک اپ نہیں کراتا اورنہ ہی ڈاکٹر کے پاس جانے کی زحمت کرتا ہے بلکہ ا حتیاطی تدابیر بھی ا پنانے سے قاصر رہتے ہیں ۔ سمینار کا مقصد اس بات پر زور دینا ہے کہ دل کا مرض لاحق ہونے سے پہلے اس کے علامات کو جانا جاسکے اور بروقت اس مرض پر قابو پایا جاسکے ۔ یہ تب ممکن ہے کہ جب عام عوام کو یہ شعور ہوں کہ کون کون سے احتیاطی تدابیر ، خوراک اور وقت پر چیک اپ کرانا ضروری ہے جس سے ہماری سوسائٹی تقریباً غافل ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کے علامتی واک کا مقصد لوگوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ ورزش صحت مند انسان کے لئے روح کی مانند ضروری ہے۔ تقریب کے آ خر میں مہمان خصوصی و دیگر مقررین نے سمینار اور واک کے اہتمام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے نہ صرف لوگوں میں شعور اجاگر ہوگی بلکہ لوگ احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ سرگرمیاں اختیار کریں گے ۔ ڈاکٹر جلال الدین اچکزئی ، وائس چانسلر ڈاکٹر نقیب اللہ اچکزئی ،ڈاکٹر مناف ترین ، حقداد ترین ، ایم ایس غفار بلوچ، امان اللہ کاکڑو دیگر نے ڈی سی زیارت ، ضلعی انتظامیہ ، قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا کہ جن کی تعاون سے اس پروگرام کا انعقاد ممکن ہوا ۔