- Advertisement -
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے ثانوی تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ یوم دفاع کا دن ملکی تاریخ میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس دن بھارت ہماری سرحدوں پر رات کے اندھیرے میں حملہ کرکے یہ بھول گئی کہ وطن عزیز کے سپاہی ملکی دفاع کیلئے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے۔ ملکی سلامتی کیلئے شہداءکی قربانیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ بھارت پاکستان کے حوالے سے کسی بھول میں نہ رہے۔ ملکی سلامتی پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیا جائے گا۔ یوم دفاع اور یکجہتی کشمیر کے حوالے سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں صوبائی مشیر نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن جہاں ہمیں ملک کی ناقابل تسخیر دفاع کا یقین دلاتا ہے وہیں یہ تجدید عہد کا دن بھی ہے۔ مشیر تعلیم نے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیر پر اپنا ناجائز تسلط فوری ختم کرتے ہوئے عالمی قوانین کی روشنی میں کشمیر میں استصواب رائے کروائے۔ مودی حکومت کشمیریوں کے حق خودارادیت کی تحریک سے خائف اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ گزشتہ اکتیس دنوں سے کشمیر میں مسلسل کرفیو نہ صرف عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ نام نہاد سیکولر بھارت کے حکمرانوں کے مسلم دشمن پالیسیوں کا عکاس ہے۔ محمد خان لہڑی نے کہا کہ ہمارے امن کے خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ مسلح افواج کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہروقت تیار ہیں۔ کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کی صورت میں پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہاکہ اگر بھارت نے پہل کی تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔ بھارتی جنگی جنون خطے کے امن کیلئے خطرہ اور خطے کو ایٹمی جنگ کی طرف دھکیلنے کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے اپنا کردار ادا کریں