کوئٹہ :جناح شوز مارکیٹ میں بم دھماکہ 1شخص جاں بحق 13افراد زخمی

0

- Advertisement -

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے وسطی علاقے مشن روڈ پر واقع جناح شوز مارکیٹ میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاںبحق جبکہ 13افراد زخمی ہوگئے ہیں ،زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ٹراماسینٹر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیاگیاہے ۔گورنربلوچستان امان اللہ یاسین زئی ،وزیراعلیٰ جام کمال خان ،صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو،صوبائی وزیر پی ایچ ای/واسا نورمحمد دمڑ ودیگر نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاںبحق اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کااظہار کیاہے ۔پولیس کے مطابق مشن روڈ اور سرکلوروڈ کے قریب واقع جناح شوز مارکیٹ میں اس وقت زوردار دھماکہ ہوا جب لوگ وہاں عید کیلئے جوتے اور دیگر سامان خریدنے میں مصروف تھے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص عبدل حسین ولد محمد حیدر جاںبحق جبکہ 13افراد سید محمد علی ولد میر افضل ،فاروق ولد اختر محمد،علی جان ولد علی گوہر،حسین علی ولد نوروز علی ،عبد ل حسن ولد قاسم علی ،سراج الدین ولد محمد اسحاق ،محمد ابراہیم ولد محمد رضا ،عباس علی ولد غلام سخی ،محمدجان ولد امان اللہ ،محمد اسماعیل ولد مرزا حسین ،محمد علی ولد محمد ابراہیم ،سلمان علی ولد محمد جان اور نادر ولد ولد نوروز علی زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے 2کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ،دھماکے کے نتیجے میں نہ صرف قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا بلکہ اس کی آواز بھی دور دور تک سنی گئی ،دھماکے کے فوراََ بعد زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کرنے کا سلسلہ شروع کردیاگیاجب پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر شواہد اکٹھے کرنے شروع کردئےے ،دھماکے کے بعد سول ہسپتال کوئٹہ اور بولا ن میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور تمام طبی ونیم طبی عملے کو فوری طورپر ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کردی گئی اس سلسلے میں مزید تحقیقات جار ی ہے ۔دریں اثناءگورنربلوچستان جسٹس(ر) امان اللہ یاسین زئی نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردی کی اس کارروائی کا مقصد امن دشمنوں کے خلاف متحد قوم کے جذبات کو متزلزل کرناہے مگر انہیں اس مقصد میں کامیابی نصیب نہیں ہوگی ،انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں امن وامان کی صورتحال کومزید بہتر کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں اور دہشتگردوں اور ان کے پیچھے کارفرما عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں ۔انہوں نے زخمیوں کو بہترطبی سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے مشن روڈ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس کے نتیجے میں ہونے والی قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاہے کہ دہشتگردوں نے معصوم اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنا کر بربریت کا مظاہرہ کیاہے ،دہشت گرد وں کا کوئی مذہب ،قوم اورقبیلہ نہیں بلکہ یہ صرف قاتل ہیں جنہیں معاف نہیں کیا جائے گا،انہوں نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں دہشت گردی کے واقعات کے تدارک کے لیئے موثر سیکیورٹی پلان بنا یا جائے،انہوں نے دہشت گردی کے واقعات کے ذریعہ بدامنی پیدا کرنے والوں کے خلاف پوری طاقت سے کارروائی کی بھی ہدایت کی اور دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کااظہار کیا ،وزیراعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ انہیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائیں ۔صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا ءاللہ لانگو نے کوئٹہ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک دشمن عناصر امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیںبلکہ ملک دشمن عناصر صوبے کے امن و امان کی صورتحال خراب اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیںانہوں نے قانون نافذ کرنے والے اور سیکورٹی اداروں کو عید اور جشن آزادی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ صوبائی وزیر پی ایچ ای اینڈ واسا حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کوئٹہ کے مشن چوک پر واقع مارکیٹ میں بم دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ صوبے میں امن وامان خراب کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف صوبائی حکومت اور فورسز ایک پیج پر ہیں ،انہوں نے کہاکہ بم دھماکہ میں ملوث دہشت گردوں کو جلدانکے انجام تک پہنچایاجائے گا،انہوں نے کہاکہ ہم دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے غمزادہ خانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں ،انہوں نے جاںبحق افراد کی درجات بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے میڈیا کوارڈینیٹر حیات اللہ اچکزئی کی جانب سے پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک، جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ،سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی،سینئر نائب صدر میر چنگیز جمالی،نائب صدر میر مولا بخش گورگیج،ڈپٹی جنرل سیکر حاجی ربانی خلجی،فنانس سیکرٹری ملک عبدالحمید کاکڑ رابطہ سیکرٹری سردار سرور سلیمانخیل ودیگر کے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ مشن چوک پرہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر دکھ اورافسوس کااظہار کیاہے اور کہاہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہیں ،انہوں نے کہاکہ دہشت گرد قوتیں انسانیت کے دشمن ہیںان کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانا قابل افسوس ہے،انہوں نے کہاکہ بلوچستانی عوام دہشتگردی جیسے ناسور کے خاتمے کے لیے سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.