چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سالانہ انتخابات کا اعلان

0

- Advertisement -

چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سال 2019-20 کے سالانہ انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے 3 ارکان پر مشتمل الیکشن کمیشن کی منظوری دیدی ہے ۔ ہفتہ کے روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر جمعہ خان بادیزئی کی زیر صدارت چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سالانہ انتخابات 2019-20 کے شیڈول اور دیگر امور زیر غور لائے گئے ہیں ۔ اجلاس کے دوران ایگزیکٹیو کمیٹی کی جانب سے حاجی اختر محمد کاکڑ ، عیسی خان آرکیٹیکٹ اور حاجی اکرم پر مشتمل الیکشن کمیشن کی منظوری دی گئی اور سال 2019-20 کے ایسوسی ایٹ اور کارپوریٹ کلاس کے انتخابی شیڈول کا اعلان کردیا گیا ۔ شیڈول کے مطابق کارپوریٹ کلاس کے لئے انتخابات 19ستمبر جبکہ ایسوسی ایٹ کلاس کے لئے انتخابات 20 ستمبر کو ہوں گے ۔ اس موقع پر چیمبر آف کامرس کے صدر جمعہ خان بادیزئی نے کارپوریٹ اور ایسوسی ایٹ کلاس کے ریٹائرڈ ہونے والے 14ایگزیکٹیو ممبران کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ چیمبر کے قوائد و ضوابط کے مطابق 14ایگزیکٹیو ممبران کو ریٹائرڈ ہونا تھا ہم چیمبر اور صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کے لئے ریٹائرڈ ہونے والے ایگزیکٹیو ممبران کی جانب سے دی گئی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ آئندہ بھی اس سلسلے میں سرگرم رہیں گے ۔ اجلاس کے دوران ایگزیکٹیو کمیٹی کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ حالیہ بجٹ میں سیلز ٹیکس رجسٹرڈ افراد کے لئے شناختی کارڈ شرط کو فوری طور پر ختم کرے کیونکہ اس شرط سے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہوں گے بلکہ اس سے معاشی سرگرمیاں کم ہونے کے بھی امکانات ہیں ۔ اجلاس کے دوران چیمبر آف کامرس کے ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران کی جانب سے حکومت سے بلوچستان میں اسپیشل اکنامک زون بنانے کا اعلان اور اس پر ہنگامی بنیادوں پر کام کے آغاز کا بھی مطالبہ کیا گیا اور کہا گیا کہ اس اقدام سے صوبے میں صنعت و تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ بے روزگار نوجوانوں کے لئے باعزت روزگار کے بھی مواقع میسر آئیں گے ۔ ایگزیکٹیو کمیٹی نے سپیشل اکنامک زون کے فوری قیام اور اس سلسلے میں سرحدی علاقوں کو فوقیت دینے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اسمگلنگ کا خاتمہ ممکن ہوگا بلکہ لوگ قانونی کاروبار کی جانب راغب ہوں گے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.