کوئٹہ:تاریخ کی بدترین لوڈشیڈنگ ‘گرمی سے شہری بلبلااٹھے

0

- Advertisement -

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہری اذیت میں مبتلا ہیں، سخت گرمی کے موسم میں 12 گھنٹے تک بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے روز مرہ کا کام اور کاروبار بند ہو کر رہ گیاجبکہ مچھروں نے بھی لوگوں کی نیندیں حرام کردی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے مختلف علاقوں عالمو چوک ، کلی عمر ، کوتوال ، پشتون آباد ، خروٹ آبا د، سریاب ، سٹیلائٹ ٹاﺅن سمیت دیگر علاقوں میں میں گھنٹوں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث خواتین، بزرگ، نوجوان اور بچے سبھی اذیت کا شکار ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کوئٹہ صوبائی دارالحکومت ہونے کے باوجود نہ صرف بنیادی سہولیات سے یکسر محروم ہے بلکہ شدید گرمی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کردیا ہے ایک طرف دوپہر اور رات کے اوقات میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے تو دوسری طرف مچھروں کی بہتات نے شہریوں کی نیند غارت کردی ہے ۔ ایک طرف حکومت کی جانب سے عوام کے مسائل کو حل کرنے کی بڑے بڑے دعوے کئے جاتے ہیں تو دوسری طرف صوبائی دارالحکومت کوئٹہ ہونے کے باوجود شہری بنیادی ضروریات زندگی کو ترس رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے جبکہ گرمی کی شدت اور لوڈشیڈنگ میں اضافے سے عام شہریوں کے معاملات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے انکا کاروبار تباہ ہو کر رہ گیا۔شہریوں نے کیسکو حکام اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے جن پر قابو پانے کے لیے زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.