

- Advertisement -

بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں کوئٹہ سے ژوب جانے والے مسافر وین اور ٹرک کے درمیان المناک ٹریفک حادثے میں خاتون اور بچوں سمیت15 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے ہیں ،جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد شامل شامل ہیں ، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان ، ڈپٹی اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل ، رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع ، صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے حادثے پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز بدقسمت مسافر وین کوئٹہ سے ژوب جارہی تھی کہ قلعہ سیف اللہ کے علاقے علی خیل کے قریب مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 10 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 2 درجن سے زائد زخمی ہوگئے ، جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قلعہ سیف اللہ منتقل کردیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مزید 5 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں ، جاں بحق ہونے والے افراد میں سلطان محمد ، محمد الیاس ، داﺅد شاہ ، سلطان بی بی ، عصمت اللہ ، میر حمزہ ودیگر شامل ہیں ، مرنے والوں میں ٹھیکیدار نواب خان مندوخیل کے خاندان سے تعلق رکھنے والے 5 افراد بھی شامل ہیں جو کہ کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاﺅن کے رہائشی ہیں دیگر جاں بحق بچوں اور افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔ 10 زخمیوں جن میں سیف الرحمن ، فاروق ، شاہد خان ، نورا خان ، لیمہ ، آریانہ ، بی بی شمسہ ، عبدالقادر ، عبدالواحد اور اشرف خان شامل ہیں کو سول ہسپتال ٹراما سینٹر کوئٹہ منتقل کردیا گیا جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ حادثے کے عبد قلعہ سیف اللہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کی گئی بلکہ صوبائی وزیر صحت نصیب اللہ مری کی ہدایت پر سیکرٹری صحت حافظ عبدالماجد نے سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر اور بولان میڈیکل کمپلےکس ہسپتال ، مفتی محمود ہسپتال کچلاک اور قومی شاہراہ پر قائم دیگر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے بلکہ کوئٹہ سے امدادی ٹیمیں اور ایمبولینسز بھی زخمیوں کو لانے کے لئے بھجوادی گئی ہے اس کے علاوہ تمام ہسپتالوں میں طبی اور نیم طبی عملے کو حاضر رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان قلعہ سیف اللہ کے قریب ٹریفک کے المناک حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور حادثے کے متاثرین کی بھرپور معاونت کی فراہمی کی بھی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ نہ صرف زخمیوں کو بہتر علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کی جائے بلکہ تمام تر صورتحال کی سیکرٹری صحت حافظ عبدالماجد خود نگرانی کرے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔ دوسری جانب سے ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسی خیل نے قلعہ سیف کے قریب ٹریفک حادثہ میں جاں بحق اور زخمی افراد کے ساتھ اظہارہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے انہوں نے مرحومین کی بخشش اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ کوئٹہ ژوب شاہراہ پر آئے روز ٹریفک حادثات افسوسناک ہےں۔ جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالوسع نے قلعہ سیف اللہ کے قریب ٹریفک حادثہ میں جاں بحق اور زخمی افراد کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرنے والوں کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی کا قلعہ سیف اللہ کے قریب ٹریفک کے المناک حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ ٹریفک حادثے کے متاثرین کی بھرپور معاونت فراہم کرے۔