بجلی چوروں سے کوئی رعایت نہ بھرتی جائے،چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکو

0

- Advertisement -

بجلی چوری ،غیرقانونی اور قابل سزا جرم ہے لہٰذا بجلی چوروں سے کوئی رعایت نہ بھرتی جائے ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکوانجےنئرعطاءاللہ بھٹہ نے کیسکوکے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا۔اجلاس میں جنرل منیجر (ٹیکنکل) انجےنئرپرویزافضل، چیف انجےنئر (آپریشن ڈائریکٹر) سعداللہ کاکڑ،چیف انجےنئر(کمرشل)گل منیر، ڈائریکٹرکمرشل محمدخالد، تمام سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجےنئرزاورمتعلقہ افسران بھی شریک تھے۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکونے کہاکہ بجلی چوری اور اس کابے دریغ استعمال نہ صرف کیسکو بلکہ قوم اور معاشرہ سب کے لئے نقصا ن کاباعث بن رہاہے کیونکہ بجلی چوری کرنے والے دوسرے صارفین یعنی باقاعدگی سے بل اداکرنے والوں کے حق پر بھی ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بجلی چوری ہونے کی وجہ سے سالانہ بنیادپر کروڑوں یونٹس ضائع ہورہے ہیں جس کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان باقاعدگی سے بل اداکرنے والے صارفین کو اُٹھانا پڑرہا ہے ۔مزیدبرآں بجلی چوری سے قومی گرڈکونقصان پہنچنے کے علاوہ قومی خزانے کوبھی ریونیو کی مدمیں بھی کروڑوں روپے کانقصان اُٹھاناپڑرہاہے۔کیسکوچیف نے کہاکہ بجلی چوری اورغیرقانونی کنکشنز کی وجہ سے گرڈسسٹم پر بے تحاشا لوڈبڑھ جانے کے علاوہ وولٹیج میں کمی وبیشی ، ٹرپنگ اوربجلی کی فراہمی میں غیرروایتی تعطل پیداہوجاتاہے جس کے نتیجے میں غیرمتوقع حدتک وولٹیج میں کمی وبیشی کی وجہ سے صارفین کے گھریلوبرقی آلات اوردیگر بجلی سے چلنے والے آلات کامدت استعمال ممکنہ حدتک کم ہوجاتاہے۔انجےنئرعطاءاللہ بھٹہ نے کہاکہ کسی بھی محکمہ کاسرکاری ملازم بجلی چوری میں ملوث پایاگیاتواس کے خلاف متعلقہ محکمہ کومزید کارروائی کے لئے تحریری طورپردرخواست ارسال کی جائے گی ان کے علاوہ اگرکمپنی کاکوئی ملازم یاافسر بھی بجلی چوری میں ملوث پایاگیا تواس کے خلاف ایف آئی آردرج کرکے مزید محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ کیسکوچیف نے مزیدکہاکہ بجلی چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تدارک کےلئے ضروری ہے کہ عوام الناس اور صارف کواپناانفرادی کرداراداکرتے ہوئے رضاکارانہ طورپربجلی چوروں کی نشاندہی کوقومی فرض سمجھ کر کیسکوسے تعاون کریں اور ان کے اس نیک عمل کی کمپنی کی سطح پربھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ وہ تمام نادہندہ محکمے جن کے ذمہ بجلی بلوںکے بقایاجات ہیں اُنھیں بلوںکی ادائیگی اور کنکشنز منقطع کرنے سے متعلق نوٹسز بھی جاری کئے جائیں ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف انجینئر( آپریشن ڈائریکٹر )سعد اللہ کاکڑنے کہاکہ صوبہ کے تمام سرکلز میں آپریشن ڈویژنز کاعملہ مقامی پولیس اور لیویز فورس کے ہمراہ الیکٹرسٹی ایکٹ کے تحت بجلی چوروں اورنادہندگان کےخلاف کارروائیاں کررہی ہیں اور اس سلسلے میں بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاکر ایف آئی آر کے اندراج کے علاوہ اُنھیں جرمانہ بھی کیاجارہاہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.