

- Advertisement -
صوبائی وزیر پی ایچ ای اینڈ واسا حاجی نور محمد دمڑ نے کہا ہے کہ ہم سب نے اپنے اپنے متعلقہ شعبے میں بلوچستان کی ترقی کیلئے کوشش کرنی چاہیئے ۔ کیونکہ ہمارا صوبہ دیگر صوبوں کی نسبت زندگی کے ہر شعبے میں پسماندہ ہے ۔ ہمارے صوبے کی پسماندگی دور کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر جدو جہدکی سخت ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان کلرکس ایسو سی ایشن ادارہ تحفظ ماحولیات یونٹ کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ میں یونین کے بذات خود خلاف نہیں ہوں آئین اور دستور کے دائرے میں مثبت طریقے سے اپنے جائز مطالبات اجا گر کرنے کی حمایت کرتا ہوں ۔ ہماری مخلوط صوبائی حکومت تمام ملازمین کے جائز مطالبات دستیاب وسائل میں حل کرنے کیلئے کوشش کررہی ہے ۔ انہوںنے ایپکا کے عہدیداروں سے کہا کہ آج آپ لوگوں نے حلف اٹھایا اس کی پاسداری کرنا ہر ایک کیلئے اشد ضروری ہے ۔ ہم سب نے اپنے رویوں میں مثبت تبدیلی لانی چاہیئے تاکہ معاشرے کے فلاح و بہبود کیلئے بہتر ثابت ہوسکے اور ہمارے صوبے کو زندگی کے ہر شعبے میں ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی کو آر ڈینیٹر ٹو وزیر اعلیٰ بلوچستان محمد عظیم کاکڑ نے کہا کہ ادارہ تحفظ ماحولیات کا آج ماحولیاتی تبدیلی ( Climate Change) کے حوالے سے نہایت اہمیت کا حامل ادارہ ہے کیونکہ حالیہ دور میں آبادی بڑھنے کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ ماحول کے تحفظ کیلئے اس محکمے کے ہر اہلکار کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ آلودگی کے تدارک کیلئے مثبت کردار ادا کر ے ۔ تقریب سے ڈائریکٹر جنر ل ماحولیات بلوچستان طارق زہری اور دیگر عہدید اران نے بھی خطاب کیا ۔قبل ازیں ایپکا کے عہدیداروں نے صوبائی وزیر کے سامنے اپنا سپاسنامہ بھی پیش کیا ۔