- Advertisement -
ضلع کونسل چاغی کے اپوزیشن لیڈر میر قادر جان محمدحسنی نے کہا ہے کہ معاشرے کی بہتری میں میڈیا کے کلیدی کردار سے انکار ممکن نہیں. ان کا کہنا تھا کہ دالبندین پریس کلب نے ہمیشہ ضلع چاغی کے عوام کی درست ترجمانی کی. ان خیالات کا اظہار انہوں نے دالبندین پریس کلب کی دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر دالبندین پریس کلب کے سرپرست اعلی حاجی عبدالستار کشانی، صدر علی رضا رند، نائب صدر ظاہر شہزاد نوتیزئی، جنرل سیکرٹری میراحمد محمدحسنی، فنانس سیکرٹری حاجی فاروق عادل سیاپاد، آفس سیکرٹری شبیرمینگل اور سینئر صحافی فیض اللہ عابد نے انھیں دالبندین پریس کلب کی کارکردگی اور مسائل پر بریفنگ دی. میر قادر جان محمدحسنی نے دالبندین پریس کلب کے نومنتخب صدر علی رضا رند و ان کی پوری کابینہ کو مبارک باد پیش کی اور یقین دلایا کہ دالبندین پریس کلب کے مسائل کی حل اور صحافیوں کے فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے. ان کا کہنا تھا کہ جب ہم اپوزیشن میں تھے تو میڈیا کے ذریعے اپنی آواز حکام تک پہنچاتے تھے اور اب بھی میڈیا کے ذریعے عوام تک اپنی آواز پہنچاتے ہیں. انہوں نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ چیرمین چاغی ہم پر الزام تراشی تو کرتے ہیں لیکن 15 سالوں تک انہوں نے جس طرح چاغی میں لوٹ کھسوٹ کی سیاست کی اور اپنے گھر سرگیشہ کے ریسٹ ہاس کی مسجد کے پیسے تک کھاگئے اس کا کوئی جواب نہیں دیتے. انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر خزانہ میر محمدعارف محمدحسنی کی کوششوں سے ضلع چاغی کے تمام ادارے بہتری کی جانب گامزن ہیں جبکہ لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے فنڈز منظور کرکے ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں. انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جلد ہی ضلع چاغی کے تمام شہروں میں قلت آب کا مسئلہ مستقل طور پر حل کیا جائے گا. ان کا کہنا تھا کہ چاغی میں جس بھی ادارے کی ماضی کی کارکردگی اٹھا کر دیکھ لو گند ہی گند نظر آتا ہے اس لیے اس تمام گندگی کو صاف کرنے کے لیے وقت درکار ہے. دالبندین پریس کلب کے صدر علی رضا رند نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دالبندین پریس کلب تنقید برائے اصلاح اور مثبت پہلوں کو اجاگر کرکے عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا رہے گا۔