پی ڈی ایم اے اپنے فرائض خوش اسلوبی اور احسن طریقے سے انجام دے رہا ہے،صوبائی وزیر داخلہ میر سلیم احمد کھوسہ

- Advertisement -
صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر سلیم احمد کھوسہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے اپنے فرائض خوش اسلوبی اور احسن طریقے سے انجام دے رہا ہے بلوچستان کے جن 14 اضلاع کو قحط زدہ قرار دیا گیا ہے ان کی حکومت ہر طرح سے امداد کر رہی ہےس وقت خشک سالی سے متاثرہ 20 اضلاع کیلئے 50 کروڑ کی خطیر رقم بھی جاری کردی گئی ہے۔ خشک سالی سے 1 لاکھ 9 ہزار خاندان جبکہ 17 لاکھ 56 ہزار مال مویشی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک ایسے خطے میں وقوع پذیر ہے جہاں کے لوگوں کو ہر تین یا چار سال بعد خشک سالی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ قحط سالی کے موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے قحط زدہ علاقوں میں اشیائے خورد و نوش اور دیگر ضروری اشیاءکی فراہمی سے پی ڈی ایم اے متاثرہ لوگوں کی بھر پور مدد کر رہی ہے۔ موجودہ حکومت اس بات کا بھی ادراک رکھتی ہے کہ یہ اس مسئلے کا مستقل حل نہیں بلکہ اس کے مستقل اور دیر پا حل کے لیے ڈیموں کی تعمیر سمیت دیگر آپشن بھی زیرِ غور ہیں بلوچستان میں خشک سالی اور دیگر مسائل کے دیر پا حل کیلئے اپوزیشن ارکان کو اعتماد میں لے کر وفاقی حکومت سے بلوچستان کے لیے ایک جامع پیکج کا مطالبہ کریں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں زراعت اور مال مویشی کا نقصان صرف ایک ضلع یا ڈویژن کا نہیں بلکہ کسی نہ کسی سطح پر پورے بلوچستان کا نقصان ہے۔ کیونکہ بلوچستان میں 70 فیصد سے زائد آبادی زراعت اور مویشی بانی پر انحصار کرتی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت بد عنوانی اور کرپشن کے خلاف ہے۔پی ڈی ایم اے میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا کرپشن پائی گئی تو ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔