
- Advertisement -
بلوچستان نیشنل پارٹی کے سابق تحصیل صدر میر یار محمد مینگل نے پاسپورٹ آفس دالبندین کے عملے کی نامناسب رویئے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دالبندین پاسپورٹ آفس میں روز عوام کی تضحیک کی جاتی ہے جہاں بداخلاق عملے کی وجہ سے سائلین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں. انہوں نے کہا کہ ایک طرف ہتھک آمیز رویے کا مسئلہ ہے تو دوسری جانب لوگوں کے پاسپورٹ بھی نہیں بن رہے. لوگ در در کی ٹھوکریں کھا کر ویریفیکیشن کراتے ہیں مگر اس کے باوجود کچھ سائلین کئی کئی مہینوں تک پاسپورٹ آفس کا چکر کاٹتے رہتے ہیں جو سراسر زیادتی اور عوام دشمن رویہ ہے. انہوں نے کہا کہ پیر کے روز بھی پاسپورٹ آفس کے ڈیٹا انٹری آپریٹر نے ایک بزرگ کے ساتھ ہتھک آمیز رویہ اپناکر اس کی تضحیک کی. انہوں نے کہا کہ کئی بار متعلقہ حکام اور عوامی نمائندوں کے نوٹس میں یہ مسئلہ لایا گیا لیکن افسوس کہ کوئی عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے. اگر صورتحال یہی رہی تو بلوچستان نیشنل پارٹی شدید احتجاج کا راستہ اپنائے گی۔