
- Advertisement -
کلی حاجی عبداللہ،کلی رجب اور کلی سبزل کوئٹہ کے ہزاروں مکینوں نے وزیر اعلیٰ، گورنر، چیف سیکریٹری اور ایم ڈی واسا سے پر زور مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ کلیوں کے ہزاروں مکینوں کو درپیش پانی کا مسئلہ جلد سے جلد حل کیا جائے۔ اس جدید دور میں بھی عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں جس کے باعث علاقے کے عوام سخت پریشانی کے شکار ہیں ۔ انہوں نے ارباب اختیار سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ متعلقہ علاقوں کے پانی جیسے بنیادی مسئلے کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کلی حاجی عبداللہ،کلی رجب اور کلی سبزل میں پینے کے پانی کی عدم فراہمی پر محکمہ واسا کے خلاف نوٹس لیا جائے جنہوں نے ان علاقوں میں پانی کا بحران پیدا کیا۔ مزید یہ کہ محکمہ واسا نے غریب عوام کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ ان علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی سے امور خانہ داری، خواتین، بچے اور بوڑھے سب کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ محکمہ واسا نے علاقے کے پانی کو بند کرکے پانی بیچنے والوں کے مٹھی گرم کر دیئے۔ اب غریب عوام مہنگا پانی خرید کر معاملات زندگی بڑی مشکل سے گزار رہی ہےں۔ انہوں نے کہا کہ صا ف پانی کی فراہمی میں محکمہ واسا اور پی ایچ ای حکام اپنی ذمہ داریاں پوری طرح ادا نہیں کر پارہے ہےں۔ متعلقہ علاقوں میں پانی کی فراہمی نہ ہونے سے عوام کو کئی کئی روز تک در در کی ٹھوکریں کھانی پڑتی ہے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کے ہزاروں مکینوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے محکمہ واسا کی غفلت کے خلاف کاروائی عمل میں لاتے ہوئے علاقے کے ہزاروں مکینوں کو اس مشکلات سے نجات دلائی جائے۔