بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن نے بی اے۔بی ایس سی کے پریکٹیکل امتحانات کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان
- Advertisement -
بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن نے آج سے شروع ہونے والے بی اے۔بی ایس سی کے پریکٹیکل امتحانات کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالج اساتذہ کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے بی پی ایل اے اور یونیورسٹی کنٹرولر کے مابین چلنے والے تنازعے کے خاتمے میں مثبت کردار ادا کرنے پر سیکرٹری ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ واضح رہے کہ کنٹرولر جامعہ بلوچستان کے رویے اور روٹیشن پالیسی کی خلاف ورزی سمیت دیگر مسائل کے پیش نظر بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن نے بی اے بی ایس سی کے پریکٹیکل امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا جس کے باعث پریکٹیکل امتحانات کا سلسلہ رکا ہوا تھا تاہم سیکرٹری کالجز ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن عبدالصبور کاکڑ نے اس سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ اور بی پی ایل اے کے مابین مسئلے کے حل کے لئے کوششیں کیں اور ان کی ہدایت پر کنٹرولر جامعہ بلوچستان نے باقاعدہ معذرت کی بی پی ایل اے کے مرکزی دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق کنٹرولر کا مراسلہ موصول ہونے کے بعد بی پی ایل اے نے بائیکاٹ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے کالج پروفیسرز آج سے شروع ہونےوالے بی اے بی ایس سی کے پریکٹیکل امتحانات میں حصہ لیں گے۔ بی پی ایل اے کے بیان میں سیکرٹری کالجز ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ سیکرٹری کالجز آئندہ بھی کالج اساتذہ اور کالجز کے مسائل کے حل کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں گے بیان میں کہا گیا ہے کہ بی پی ایل اے کی قیادت سمیت بلوچستان کے تمام کالج اساتذہ صوبے سے تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کے لیئے اپنا فعال کردار ادا کر رہے ہیں امید ہے کہ صوبائی حکومت کالج اساتذہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مثبت اقدامات اٹھاتے ہوئے بی پی ایل اے کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔