179 غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ

0

- Advertisement -

صوبائی سیکریٹری تعلیم و سکولز محمد طیب لہڑی کے زیرصدارت اعلی سطح اجلاس ہوا اجلاس میں ضلع کوئٹہ کے 179 غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈیویلپمنٹ جہانگیر خان ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم صلاح الدین نورزئی ایڈیشنل ڈائریکٹر منیر احمد نودازئی ڈپٹی فوکل پرسن محمد فاروق اسفندیار بادینی اور محکمہ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری تعلیم نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کی بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور یہ تہیہ کیے رکھا ہے کہ تدریسی عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر بعض غیر حاضر اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں غیر حاضری کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس سلسلے میں پورے صوبے کے ڈی ای او صاحبان اور ڈپٹی کمشنرصاحبان کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے اسکولوں کے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رہے گا۔جن اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں ان میں ایس ایس ٹی سائنس کے شاہد شہزاد، عدنان صفدر، مظہر یاسین، محمد صدیق، شاہد احمد، سید رحمت اللہ،عائشہ اللہ یار،زاہد حسین، محمد شہزاد، شوکت احمد، ارباب نور نواز کاسی، نثار احمد ایس ایس ٹی جنرل میں دنیت کمار، نشاط وحید، شاہد حسین، محمد قاسم خان، زرین زمان، کرن زمان، تنویر اجمل، عابدہ کوکب،رفیع ڈار اور نجم سلیمان جبکہ ایسے ایس ٹی اساتذہ میں ونود کمار، عمران اقبال، رازمحمد، ذاکر خان، محمد یونس اور احمد خان شامل ہیں۔ مذکورہ اساتذہ کو 7 دنوں میں اظہار وجود جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے والدین اور کمیونٹی سے اس سلسلے میں معاونت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی عدم دلچسپی اور غیرحاضری سے بچوں کا مستقبل تباہ ہوتا ہے موجودہ حکومت غیر سنجیدہ اساتذہ کو ہر گز برداشت نہیں کرے گی اور نہ ہی کسی کو تعلیمی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا کرنے کی اجازت دی جائیگی۔ انہوں نے طلباءپر بھی زور دیا کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں میں دلچسپی سے حصہ لیں اور اپنے مسائل سے اپنے اداروں کو آگاہ کریں اور اگر شنوائی نہ ہو تو متعلقہ حکام کے نوٹس میں ضرور لائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.