کوئٹہ کراچی روڈ پر حادثات کو روکنا ہماری اولین ذمہ داری ہے،نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس و یسٹ زون کوئٹہ کے ڈی آئی جی عبدالحئی بلوچ
- Advertisement -
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس و یسٹ زون کوئٹہ کے ڈی آئی جی عبدالحئی بلوچ نے کہا ہے کہ کوئٹہ کراچی روڈ پر حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں جن کو روکنا ہماری اولین ذمہ داری ہے موٹر وے پولیس حب اور اوتھل اور قلات کوئٹہ سیکشن پر حاد ثات کے روک تھام کیلئے اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ عوام اور خاص طور پر کوئٹہ کراچی اور کوئٹہ آل پاکستان بس کمپنیوں کے مالکان اور ڈرائیور حضرات کی بھی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر پابندی کریں تاکہ حاد ثات سے بچا جاسکے ۔ بس کے ایکسیڈنٹ جان لیوا ثابت ہوتے ہیں اس سلسلے میں گزشتہ روز ار باز بس کمپنی کے انچارج میر وائس بڑیچ سے سیکٹر کمانڈر قلات اختر اچکزئی اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز عاشق چوہان نے خصوصی ملاقات کی جس میں انہیں بتایا گیا کہ وہ اپنی کمپنی کے ڈرائیور حضرات کو ہدایت کریں کہ وہ بس احتیاط سے چلائیں اور تیز رفتاری ہر گز نہ کریں ۔ ٹریفک کے اصولوں پر پابندی ہم سب کی ذمہ داری ہے اور یہ حادثات کی روک تھام کا واحد حل ہے جبکہ موٹر وے پولیس ان بس کمپنیوں کے خلاف سخت قانون کارروائی کرے گی جو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتی ہیں اور تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتی ہیں ۔ بس کمپنی کے انچارج نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بس ڈرائیوروں کو سخت تاکید کریں گے کہ وہ ٹریفک قوانین کا احترام ہر صورت کریں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں۔