چائناپاکستان اقتصادی راہداری کے پیش نظرہمیں ہر شعبے میں قلیل اور طویل المدتی منصوبہ بندی کرنی چاہئے، گورنر بلوچستان
- Advertisement -
گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں عوام کی بڑھتی ہوئی ضروریات ، درپیش مشکلات اور خاص کر چائناپاکستان اقتصادی راہداری جیسے عظیم منصوبوں کے پیش نظرہمیں ہر شعبے میں قلیل اور طویل المدتی منصوبہ بندی کرنی چاہیئے تاکہ ہماری موجودہ اور مستقبل قریب کی ضرورت پوری ہوسکیں ۔ اس ضمن میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ماہرین اور محققین کے علم و تجربہ سے بھر پور مددمل سکتی ہے ۔ انہوں نے ماہرین اور محققین پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور نئی تحقیق کے ذریعے اپنے حصہ کا کردار اد ا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کے روز آئی ٹی یونیورسٹی کے دورے پر ڈین فیکلٹی، چیئرمین اور اساتذہ اکرام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وائس چانسلرآئی ٹی یونیورسٹی انجینئر احمد فاروق بازئی بھی موجود تھے ۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ یہ بات لائق تحسین ہے کہ آئی ٹی یونیورسٹی نے بہت ہی قلیل عرصے میں قومی سطح پر بڑا نام کمایا ہے تاہم اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ حاصلات ہمارے لئے اختتام کی بجائے نئی شروعات ہیں ۔ گورنر نے کہاکہ ہمیں اساتذہ اکرام کو درپیش مشکلات کا خوب ادراک ہے اور آپ کی مشاورت سے ان کے حل کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائیگا ۔ انہوںنے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ اپنے علم اور تجربے کے مطابق تعلیمی معیار کو بلند کرنے کیلئے اپنی مثبت تجاویز اور قیمتی اراءتحریری شکل میں پیش کریں بلکہ عوامی ضروریات سے ہم آہنگ پالیسی تشکیل میں بھی رہنمائی فراہم کریں ۔