- Advertisement -
کوئٹہ 09نومبر :۔صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں طلباءپر تشدد کسی صورت برداشت نہیں۔ اس حوالے سے واضح ہدایات ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اساتذہ کرام تعلیمی اداروں میں دوستانہ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پرائمری سکول پوسٹل کالونی کوئٹہ میں مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والے طالبعلم کی عیادت کے موقع پر کیا۔ صوبائی مشیر نے سول ہسپتال میں زیر علاج طالب علم کے ورثا سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے طالب علم کے والد کو یقین دلایا کہ ان کے ساتھ ہر قسم کی معاونت کی جائے گی اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ مشیر تعلیم نے کہا کہ متعلقہ استاد کو فوری طور پر معطل کیا جاچکا ہے۔ اور اس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر صوبائی مشیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں جسمانی تشدد کے حوالے سے قانون کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلا ف سخت ترین محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ہدایات دیں کہ وہ اپنے متعلقہ اداروں میں قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ آئندہ کسی قسم کے واقع کی صورت میں متعلقہ استاد سمیت سکول کے سربراہ اور تمام متعلقہ حکام کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مشیر تعلیم نے کہا کہ کارپورل پنشمنٹ قانون کے نفاذ کیلئے صوبائی حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز،ڈی ای اوز اپنا کردار ادا کریں۔