
- Advertisement -
پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن PIAکی تاریخ میں پہلی بار کوئٹہ سے سعودی عرب کے شہر جدہ کے لئے عمرہ فلائیٹ کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ گزشتہ روز پانچ بجے پی آئی اے کی پرواز PK 787 140 زائرین عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لئے کوئٹہ سے جدہ روانہ ہوئی ۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے عمرہ زائرین کو ہار پہناکر رخصت کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پہلی بار موجودہ حکومت نے پورا کردیا ہے۔ کوئٹہ سے جدہ کے لئے ہفتے میں دو پروازیں (ہفتہ ، منگل)وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق بلوچستان کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی کی کڑی ہے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ میری ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ اپنے صوبے اور عوام کی خدمت کروں۔ سابقہ ادوار میں بلوچستان سے حج کے لئے فلائیٹ میسر نہیں تھی یہاں کے لوگ ملک کے دیگر شہروں سے جاتے تھے جس کی وجہ سے لوگوں کو بہت سے مشکلات کا سامنا تھا لیکن موجودہ حکومت نے کوئٹہ سے حج فلائیٹس کے ساتھ عمرہ زائرین کی سہولت کے لئے ڈائریکٹ جدہ پروازیں بھی شروع کیںجوکہ خوش آئند اقدام ہے ۔ جہازوں کی کمی اور مشکل حالات کے باوجود پی آئی اے واپس اپنے پاﺅں پر کھڑا ہورہا ہے اور دنیا کے بہترین ایئر لائنز میں شامل ہورہی ہے ہماری کوشش ہے کہ کوئٹہ سے دبئی، ایران کے لئے بھی پروازیں شروع کریں۔ سی پیک کو مزید فعال کرنے کے لئے کوئٹہ سے گوادر کے لئے بھی پروازیں شروع کررہے ہیں ۔ زائرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ آپ ہمارا فخر ہیں اورآپ ملک کے سفیر بن کر جارہے ہیں۔ مکہ مدینہ کے مقدس مقامات میں ملک کی ترقی خوشحالی ، امن کے لئے خصوصی دعائیں کریں ۔ اس موقع پر ایئرپورٹ منیجر پی آئی اے قاسم خان خلجی، جنرل منیجر پی آئی اے خلیل احمد کھوسہ ، چیف سیکورٹی آفیسر اے ایس ایف مقبول احمد بھی موجود تھے۔