- Advertisement -
کوئٹہ4اکتوبر:۔چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن(ر)فضیل اصغر نے کہا کہ تمام ملازمین اختیارات سے بالاتر ہوکر اپنے فرائض منصبی کو پوری دیانتداری اور لگن کے ساتھ سرانجام دیں اور صوبے و ملک کی دیرپا ترقی ،خدمات کی بروقت فراہمی کے لیے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سول سیکرٹریٹ اسٹاف ایسوسی ایشن کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے صوبائی حکومت ملازمین کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے تمام تردستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم بلوچستان کی ترقی کے لیے دن رات محنت کررہی ہے۔اور ملازمین بھی صوبے کی ترقی میں دن رات محنت اور لگن سے کام کریں کیونکہ یہ ہم سب کا صوبہ ہے انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کسی بھی حکومت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہوتی ہے۔سرکاری ملازمین بلوچستان کی ترقی میں اپنا کردار اور عوام کی خدمت کو اپنا شعاربنا ئیں ۔چیف سیکرٹری کا مزید کہنا ہے کہ سروس ڈیلیوری اور اداروں کی مزید بہتری کے لیے موثر اقدامات اٹھائیں گے اور اس سلسلے میں وہ بہت جلد تمام محکموں کا تفصیلی دورہ کریں گے۔قبل ازاں چیف سیکرٹری بلوچستان نے سول سیکرٹریٹ اسٹاف ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ سے حلف بھی لیا۔