
- Advertisement -
قلات ،محکمہ ایکسائز کو جدید خطوط پر استوار کرکے دور جدید کے تقاضوں کے مطابق تمام سہولیات سے آراستہ کرینگے۔ قلات کو جلد آن لائن سسٹم سے منسلک کرکے دفتر کی تعمیر،اسلحہ،گاڑیاں اور کمپیوٹر جلد فراہم کرکے اسٹاف کی کمی کو پورا کرینگے،قلات ایکسائز کے عملے کی کارکردگی قابل تعریف ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی مشیر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹیکس ملک نعیم خان بازئی نے دورہ قلات کے موقع پر ایکسائز آفس میں ایکسائز اسٹاف اور صحافیوں سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ای ٹی او قلات میر محمد آصف قلندرانی،انسپکٹر میر محمود لانگو نے گاڑی نہ ہونے،اسٹاف کی کمی ،اسلحہ اور نفری کی کمی اور کمپیوٹر ،سرکاری آفس نہ ہونے کے حوالے سے مشیر ایکسائز کو بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایکسائز بلوچستان ضیا کاکڑ، اولس یار بازئی، جمال الدین رشتیا، ندیم قلندرانی، سب انسپیکٹر ارشاد چھلگری، سپرنٹنڈنٹ منیر احمد، عنایت اللہ،اصغر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی مشیر نے آفس کے مختلف سیکشن کا دورہ کیا اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منشیات جیسے ناسور کو ختم کرنے کیلئے کارروائی تیز کی جائے تاکہ اس لعنت کا معاشرے سے خاتمہ ممکن ہو۔عملہ اپنی حاضری یقینی بنائے غیر حاضری کو کسی صورت برداشت نہیں کرینگے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈیوٹی سے طویل غیر حاضری پر انسپکٹر کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے بہت جلد اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے گاڑیوں کی فراہمی دیگر مسائل حل کرنے یقین دہانی کرائی۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہے مسائل کی نشاندہی کرکے ہمارا ساتھ دے۔