محکمے میں نااہل اور گھر بیٹھے تنخواہ لینے والوں کیلئے اب کوئی گنجائش نہیں، محمد خان لہڑی

0

- Advertisement -

وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے ثانوی تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ محکمے میں نااہل اور گھر بیٹھے تنخواہ لینے والوں کیلئے اب کوئی گنجائش نہیں۔ ماضی کی حکومتوں میں من پسند افراد کی بھرتیوں کا خمیازہ آج پورا صوبہ بھگت رہا ہے۔ گزشتہ ادوار میں نہ صرف تعلیم کے شعبے کو یکسر نظر انداز کردیا گیا بلکہ من پسند اور نااہل اہلکاروں کو محکمے میں جگہ دی گئی۔ تعلیم جیسے اہم شعبے میں سفارش کلچر کو پروان چڑھایا گیا جس کے نقصانات کا کسی نے نہیں سوچا۔ موجودہ حکومت تعلیم کے حوالے سے موثر اور مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں صوبائی مشیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے تعلیمی وژن کے مطابق محکمہ تعلیم میں اصلاحات، قانون سازی سمیت مختلف پالیسیوں پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ محکمہ تعلیم میں بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ سیکرٹری تعلیم سمیت تمام عملے کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ فرائض سے غفلت اور غیرحاضری کے مرتکب ملازمین کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے۔ محمد خان لہڑی نے کہا کہ غیر حاضر اور عیوضی تنخواہ دار محکمے اور صوبے پر بوجھ ہیں۔ ان کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ وقت آگیا ہے کہ تعلیم کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ صوبے کے دور دراز علاقوں میں بھی سکولوں کے اساتذہ کی سخت نگرانی کی جارہی ہے تاکہ بچوں اور بچیوں کوتعلیم کی سہولت سے آراستہ کیا جاسکے۔ مشیر تعلیم نے کہا کہ صوبے کے چھوٹے بڑے تمام تعلیمی اداروں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ڈی ای او صاحبان اپنے اپنے اضلاع میں سکولوں کی مو¿ثر اور مربوط نگرانی کو یقینی بنائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.