
- Advertisement -
صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیاءاللہ لانگو نے داتا دربار لاہور کے قرب میں ایلیٹ فورس کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں اہلکاروں اور شہریوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے- انہوں نے کہا کہ وہ جاں بحق ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔اپنے بیان میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہا کہ دشمن دہشت گردی کے ایسے گھناو¿نے واقعات سے ملک کے اندر سیاسی و معاشی انتشار اور عدم استحکام پیدا کر عالمی سطح پر پاکستان کا ساکھ خراب کرنا چاہتا ہے لیکن دشمن کا یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گرد پاکستان میں بلاتفریق دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔اس عرصہ میں دہشتگردوں نے پاک فوج، سیکورٹی فورسز قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تعلیمی اداروں، درباروں اور درگاہوں، ہسپتالوں، بازاروں، سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے جلسوں اور رہنماو¿ں کو نشانہ بنایا لیکن پھر بھی دہشت گرد اس ملک کے سیاسی و عسکری قیادت اور اس قوم کے عزم اور ہمت کونہ توڑ سکے۔ صوبائی وزیر نے مزید واضح کیا کہ انکے لئے پاکستان کے ہر شہری کی جان، مال اور عزت اہمیت کا حامل ہے، وہ اپنے صوبے کے شہریوں کو ہر قسم کے تحفظ فراہم کرنے کی بے انتہا کوشش کر رہے ہیں اور ساتھ ہی بحیثیت صوبائی وزیر داخلہ وہ بذات خود اور انکے ماتحت ادارے دہشت گردوں کو نشان عبرت بنانے کا تہیہ کر چکے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ صوبائی اور وفاقی قیادت صوبہ بلوچستان اور ملک کو درپیش مسائل کے دلدل سے نکال کر ملک میں پ±ر امن ماحول کے قیام اور اسے سیاسی اور معاشی استحکام اور دوام پہچانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ دشمن کے تمام سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے ہمیں اپنے صفوں میں اتحاد اور یکجہتی قائم رکھنا ہوگا۔انہوں نے اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت کے مستحکم اور غیر متزلزل عزم اور ارادوں، پاک فوج، سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکاروں کی ناقابل فراموش قربانیوں کی بدولت آج ملک بھر سے دہشت گردی کے تمام نیٹ ورکس ختم کر دیے گئے ہیں۔چند ایک رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں بھارت سمیت دیگر دشمن ممالک، غیر ریاستی عناصر اور تنظیم ملوث ہیں اور جلد ہی ان جیسے دشمنوں اور ان کے دہشتگرد ایجنٹوں کا بھی قلع قمع کیا جائے گا۔