
- Advertisement -
صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ محکمہ ثانوی تعلیم میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں آسامیوں کا اعلان کیا ہے۔ ان آسامیوں پر تعیناتی سے صوبے کے غیر فعال سکولوں مکمل طور پر فعال کیا جائے گا جس سے صوبے میں معیار تعلیم کی بہتری میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں کوئٹہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی تعلیم دوست کوششوں، سیکرٹری ثانوی تعلیم کی پالیسیوں اور مخلصانہ ویژن اور دن رات کی محنت کی وجہ سے اتنی بڑی تعداد میں آسامیوں پر بھرتی کا عمل ممکن ہوسکا ہے۔ مخلص اور ایماندار قیادت اور ٹیم ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ محمد خان لہڑی نے کہا کہ محکمے کا قلم دان چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور انشاءاللہ عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ محکمے کو کارکردگی کی مثالی بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ محکمہ تعلیم ملازمین اور خدمات کے حوالے سے صوبے کا سب سے بڑا محکمہ ہے کوشش کررہے ہیں کہ معاملات میں بہتری لائی جائے۔ طویل ناانصافیوں کے ازالہ کرنے میں وقت لگے گا بدقسمتی سے تعلیم کی افادیت سے غافل لوگوں کی وجہ سے محکمے کو مسائل کا سامنا رہا۔ مو¿ثر ٹیم ورک اور مخلصانہ کوششوں سے شعبہ تعلیم میںتبدیلی لائی جارہی ہے۔