
- Advertisement -
ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ میر فاروق لانگو نے کہا ہے کہ گوشت کی دکانوں پر حفظان صحت کے اصولوں اور سرکاری نرخنامے کی پامالی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ایڈ منسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن نے شہریوں کی جانب سے آنے والی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ مہر لگے بغیر گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن شروع کیا جارہا ہے شہر کے متعدد علاقوں سے قصائیوں کے خلاف شکایات آرہی ہیں جن کا نوٹس لیتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن نے فیصلہ کیا ہے کہ رمضان المبارک سے پہلے اس حوالے سے کریک ڈاﺅن کیا جائے اور جو قصائی دکانوں کے باہر مال مویشی ذبح کرتے ہیں ان پر جرمانے عائد کئے جائیں نیز جن دکانوں میں مہر لگے بغیر کوشت کی فروخت ہوگی ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا کہ قصائی حضرات کی جانب سے سرکاری نرخنامے کی پامالی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا چھوٹے اور بڑے گوشت کے جو نرخ سرکاری سطح پر مقرر ہوئے ہیں شہر ی اس کے مطابق ہی گوشت خریدیں اور اضافی پیسے طلب کرنے والے قصائیوں کی شکایت کردیں ہم ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں گے اور عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کریں گے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں حفظان صحت کے اصولوں کی پاسداری یقینی بنائی جائے انہوںنے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیرانتظام شہر کے نواحی علاقوں میں سلاٹر ہاﺅسز قائم کئے جارہے ہیں جس کے بعد شکایات میں نمایاں کمی واقع ہوگی انہوں نے دکانداروں اور تاجر برادری سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لئے تمام مکاتب فکر کو میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا چاہئے تاکہ شہریوں کوحفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔