
- Advertisement -
گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ معاشرے سے منشیات کے ناسور کا خاتمہ کرنے کے ساتھ ساتھ منشیات کے عادی افراد کی دوبارہ بحالی کو یقینی بنانے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ نوجوانوں میں زندگی سے پیار اور نشے سے انکار کے جذبے کو ابھارنے کےلئے تعلیمی اداروں سمیت تمام شعبہ جات میں خصوصی پروگرامز منعقد کرا ئے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے جمعرات کے روز منشیات کے خاتمے ، نشے کے عادی افراد کے علاج ومعالجے و بحالی مراکز کے قیام کے سلسلے میں اینٹی نار کوٹیکس فور س بلوچستان کے کمانڈر بریگیڈیئر عاقب نذیر چوہدری کی بریفنگ کے دوران کیا ۔ بریگیڈیئر عاقب نذیر چوہدری نے گورنربلوچستان کو اپنے ادارے کی کارکردگی او ر آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے کی اولین ترجیح اور بنیادی مقصد منشیات سے پاک اورصحت مند معاشرے کا قیام ہے اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے اس گھنا¶نے کاروبار میںملوث عناصر کی نشاندہی اور کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے بھر پور کارروائی پر بھی زور دیا اس کے علاوہ منشیات کے خلاف عوامی سطح پر بھر پور شعور و آگہی مہم چلانا بھی لازمی ہے تاکہ اس کی مانگ میں کمی لانے اور منشیات کے عادی افراد کے مفت علاج ومعالجے اور ان کو معاشرے کے مفید شہری بنانے کی راہ ہموار ہوسکے ۔ گورنر بلوچستان نے انسداد منشیات کے سلسلے میں اے این ایف ( ANF) کی کاوشوں کو سراہا او ر صوبے کے تعلیمی اداروں سے منشیات کی سپلائی کے خاتمے کے حوالے سے ہر ممکن تعاون اور اشتراک کی یقین دہانی کروائی ۔ انہوںنے مزید کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے معاشرے کے منشیات کے ناسور سے اکھاڑ پھینکا جاسکتا ہے ۔