اینٹی نارکوٹکس فورس کی مختلف علاقوں میں کارروائی ،ایک ٹن سے زائد منشیات برآمد ، خاتون گرفتار

0

- Advertisement -

اینٹی نارکوٹکس فورس نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ ،دالبندین ،کچلاک ،چاغی اور گوادر میں 6مختلف کارروائیوں میں ایک ٹن سے زائد مارفین ،5.7کلوگرام ایمفیٹامائن ، 795 لیٹر ہائیڈرو کلورک ایسڈ، 1880کلوگرام چرس برآمدکرکے خاتون سمیت 4ملزمان کو گرفتار کرلیاہے ،کارروائیوں کے دوران منشیات اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی،ٹریکٹر اور واٹرٹینکر کو بھی قبضے میں لے لیاگیاہے ۔اے این ایف ذرائع کے مطابق اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاع پر ضلع چاغی کی تحصیل دالبندین میں کارروائی کے دوران کلی کالاچاہ کے غیر آباد مقام سے ایک لاوارث ٹیوٹا سنگل کیبن پک گاڑی کو تحویل میں لیکر گاڑی سے 1015 کلو گرام مارفین برآمد کر لی۔دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے براستہ دبئی سعودی عرب جانے والے گجرات کے رہائشی سید امجد علی شاہ اور اس کی خاتون ساتھی گجرانوالہ کی رہائشی خدیجہ بی بی نامی دو ملزمان کے سامان میں چھپائی گئی 1.7 کلو گرام ایمفیٹامائن (آئس) برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تیسری کارروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے ویسٹرن بائی پاس روڈ، کوئٹہ پر واقع خائیزئی چوک کے قریب ایک ٹریکٹر ٹرالی کو روک کر اس سے 500 کلو گرام چرس برآمد کر کے کوئٹہ کے رہائشی حیات اللہ نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔چوتھی کارروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے کوئٹہ کی تحصیل کچلاک کے علاقے کلی سنزرخیلان میں واقع جوڈیشل کمپلیکس سے کوئٹہ کے رہائشی سید امیر محمد نامی ملزم کے قبضے سے 4 کلو گرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پانچویں کارروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے ضلع چاغی میں واقع تورا بورہ پہاڑوں میں چھپائی گئی 795 لیٹر ہائیڈرو کلورک ایسڈ برآمد کر لیا۔چھٹی کارروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے کوسٹل ہائی وے ، گوادر پر واقع گاﺅں کروت سے ایک واٹر ٹینکر کو قبضے میں لیکر دوران تلاشی ٹینکر میں چھپائی گئی 1380 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.