وزیراعلیٰ بلوچستان کا پی ڈی ایم اے کوقدرتی آفت سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت

0

- Advertisement -

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پی ڈی ایم اے کو کسی بھی ہنگامی صورتحال اور قدرتی آفت سے موثر طور پر نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت متاثرین کی امدادوبحالی کے لئے کثیر فنڈز فراہم کررہی ہے لہٰذا پی ڈی ایم اے اور متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ متاثرین کو معاونت کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھانہ رکھےں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پی ڈی ایم کے دورے کے دوران حالیہ بارشوں اور برف باری سے ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں سے متعلق دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر داخلہ وپی ڈی ایم اے میر ضیاءلانگو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متاثرین کو مواصلاتی رابطہ کی سہولت کی فراہمی کے لئے پی ڈی ایم اے میں کال سینٹر قائم کیا جائے جس کے ذریعہ عوام معاونت کے حصول کے لئے پی ڈی ایم سے رابطہ کرسکیں، انہو ں نے ڈیزاسٹر رسک اسسٹمنٹ پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی افادیت میں اضافہ کے لئے ادارے کے ایکٹ میں ضروری ترامیم کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے سول ڈیفنس اور پی ڈی ایم اے کے درمیان مربوط روابط کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ کسی بھی قدرتی آفت سے موثر طور پر نمٹنا ممکن ہوسکے۔ انہوں نے پی ڈی ایم اے کو برف باری سے متاثرہ علاقوں میں بھی رسائی حاصل کرنے اور امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ہنگامی صورتحال کے دوران ادارے کے پاس موجود جدید آلات کے استعمال کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں بارش اور برف باری سے پیدا ہونے والی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے، متاثرہ علاقوں کے عوام اپنے مسائل اور مشکلات سے کنٹرول روم کو بذریعہ ٹیلیفون آگاہ کرسکتے ہیں۔ کنٹرول روم کے قیام کا مقصد امداد وبحالی کی سرگرمیوں کو مربوط کرنا ہے، کنٹرول روم کے ٹیلیفون نمبر 081-9202061-9202069-9201798-9202424اور واٹس ایپ نمبر 03368005960 ہیں، کنٹرول روم براہ راست وزیراعلیٰ بلوچستان کو رپورٹ پیش کرے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے موثر طور پرنمٹنے ، بروقت اقدامات کرنے اور سیلاب میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت محفوظ مقامات تک پہنچانے پر کمشنر مکران ڈویژن، کمشنر قلات ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ، ڈپٹی کمشنر خضدار، ڈپٹی کمشنر آواران اور ان کی ماتحت ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا ہے، دریں اثناءوزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر پاک فوج کی جانب سے فراہم کئے گئے ہیلی کاپٹروں کے ساتھ مشترکہ امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.