- Advertisement -

صوبائی وزیر سماجی بہبود میر اسد بلوچ نے کہا ہے کہ دار الامان میں موجود خواتین اور بچوں کی فلاح وبہبود اور ان کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ خواتین کی فنی تربیت کیلئے انسٹر کٹرز کی تعیناتی جلد از جلد عمل میں لائی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے او پی پی سینٹر میں الیکٹرو تھراپی سیکشن کا افتتاح اور دار الامان کے دورے کے موقع پر قیام پذیرخواتین سے بات چیت کے دوران کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے دار الامان اور پی پی سینٹر کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دار الامان میں قیام پذیر خواتین معاشرے کا اہم حصہ ہیں ان کی تعلیم و تربیت کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہیں ۔ مزید براں صوبائی وزیر کو ڈائریکٹوریٹ سوشل ویلفیئر میں او پی پی سینٹر کے ہیڈ محمد ایوب اکبر ی نے دار الامان اور او پی پی سی کے حوالے سے تفصیلاً بریفنگ دی ۔ دورے کے موقع پر صوبائی وزیر نے سینٹر میں موجود مریضوں کی عیادت اور ان کے علاج و معالجہ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی جبکہ دار الامان میں قیام پذیر خواتین نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔