
- Advertisement -
صوبائی وزیرمواصلات و تعمیرات نوابزادہ طارق مگسی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر ہمارا مشترکہ گھر ہے اس کی پرانی رونقیں بحال کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا ۔ موجودہ حکومت مواصلاتی نظام کو مزید بہتر بنانے اور بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پیر کے روز ایڈو وکیٹ بہلول کاسی کی قیادت میں یہاں ملنے والے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوام کی ضروریات کے مطابق بنائے جائیں گے تو عوام کو ریلیف ملے سکے گا۔ عوامی خدمات کی فراہمی کے محکموں کی کار کردگی بہتر ہونے سے ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہوسکیں گے۔ لہٰذا ہم ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر اور وسائل کے ضیاع کے ہر گز متحمل نہیں ہوسکتے ۔ انہوںنے کہا کہ کوئٹہ شہر میں بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک کے دبا¶ کو کنٹرول کرنے کیلئے اہم سڑکوں کی توسیع کیلئے جامعہ حکمت عملی اپنائی جائے گی ۔ ملاقات کے دوران وفد نے صوبائی وزیر کو گولی مار چوک ، سبزل روڈ اور کڈنی سینٹر روڈ کی توسیع کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ سڑک کو 162 فٹ چوڑا کرنے کی بجائے 80فٹ چوڑی سڑک تعمیر کی جائے تو اس سے قومی خزانے پر نہ صرف بوجھ کم ہوگا بلکہ سڑک کی توسیع کے دوران سڑک کے اطراف قائم رہائشی گھر کو بھی نقصان کم سے کم ہوگا ۔ صوبائی وزیر نے وفد کے مسائل غور اور توجہ سے سنے اور کہا کہ وہ اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان سے رابطہ کرکے انہیں اس بارے میں تفصیلات سے آگاہ کریں گے ۔ صوبائی وزیر نے وفد کو یقین دلایا کہ اس مسئلے کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔