حکومت کیلئے اکیلے ناخواندگی سے نمٹنا مشکل ہے،گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی

0

- Advertisement -

گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ حکومت کیلئے اکیلے ناخواندگی سے نمٹنا مشکل ہے لہٰذا ضروری ہے کہ نجی تعلیمی ادارے بھی حکومت کا بھر پور ساتھ دیں ۔ انہوںنے کہا کہ طلباءو طالبات کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اور ان کی اخلاقی تربیت میں قابل اور فرض شناس اساتذہ کا کردار اہم ہے ۔ طلباءکیلئے ضروری ہے کہ وہ نصابی تعلیم کے ساتھ دیگرا ہم نصابی سر گرمیوں پر بھی اپنی توجہ مرکوزرکھیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اقراءریزیڈنشل اسکول و کالج میں سالانہ اعزازات کی تقسیم کی تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معصوم ایجو کیشنل کمپلیکس کے بانی ڈاکٹر معصوم یاسین زئی ( ستارہ امتیاز ) ریکٹر انٹر نیشنل اسلام یونیورسٹی اسلام آباد ، ماہرین تعلیم ، اساتذہ کرام ، والدین اور طلباءو طالبات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ اقراءریذیڈنشل اسکول وکالج نے نہایت ہی قلیل مدت میں شاندار سفرطے کیا ۔ آج اس ادارے سے فارغ التحصیل طلباءو طالبات ملک و صوبے کے معیاری تعلیمی اداروں تک پہنچے ہیں جو صوبے بھر کے عوام کیلئے فخر و اعزاز کی بات ہے ۔ گورنر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ وقت دور نہیں جب معصوم ایجوکیشنل کمپلیکس بہت جلد یونیورسٹی کا درجہ حاصل کریگا ۔ گورنر نے کہا کہ یہ بات قابل مسترت ہے کہ یہ ادارہ صوبے کے غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ذہین بچوں کو تعلیم یافتہ ، مہذب اور باشعور نوجوان بنانے میں شب و روز کوشاں ہے گورنر بلوچستان نے کہا کہ مذکورہ ادارے نے اپنے طلباءو طالبات میں حب الوطنی کا جذبہ ابھارہ ہے جو لائق تحسین ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور ڈاکٹر معصوم یاسین زئی کا اسلام آباد میں یونیورسٹی کیلئے تیسری مرتبہ وائس چانسلر اور ریکٹر کا انتخاب یقینا ایک اعزاز ہے ۔ انہوںنے پوزیشن ہولڈر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی کامیابی اور سر خروئی میں والدین کا بھی بڑا کردار ہے ۔ آخر میں گورنر نے اعلیٰ کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباءو طالبات اور منتظمین میں انعامات اور لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ قبل ازیں معصوم ایجوکیشنل کمپلیکس کے بانی اور اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم خان یاسین زئی نے زیر تعلیم طلباءکا حوصلہ بڑھا نے اور ادارے کی کار کردگی پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.