- Advertisement -
کو ئٹہ 05اکتو بر :صوبائی وزیر پی ایچ ای و واسا حاجی نور محمد دمڑ نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اساتذہ کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی قوم یا ملک کی ترقی کا انحصار اساتذہ کی کارکردگی پر منحصر ہے آج جن قوموں نے ترقی کی ہے وہ صرف اور صرف اساتذہ ہی کی بدولت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد اساتذہ کا احترام انکی علمی اور قومی ذمہ داریوں اور خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرناہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم اساتذہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی خدمات زندگی کے ہر شعبے میں ہمیشہ نمایاں رہی ہیں اور انہی کی بدولت معاشرے ترقی کی راہ پر گامزن ہوتے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری نئی نسل کی تربیت اساتذہ کے ہا تھ میں ہے اور ان کو جدید سائنسی علوم سے آشنا کرنا بھی اساتذہ کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنسی علوم کی وجہ سے ترقی کر رہی ہے جس میں استاد کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے جبکہ ملک اور صوبے کی تعمیر و ترقی میں بھی اساتذہ ہمیشہ سے اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔تقریب کے آخر میں صوبائی وزیر نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباءوطالبات میں اسناد بھی تقسیم کئے۔