سوڑڈیم سے گوادر کے شہریوں کو میسر ہوگی

0

- Advertisement -

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پونے چار ارب روپے کی لاگت سے سوڑ ڈیم تا گوادر پانی کی پائپ لائن کی تنصیب کے منصوبے کا افتتاح کردیا جس کے ذریعہ گوادر شہر کو سوڑ ڈیم سے روزانہ پچاس لاکھ گیلن پانی فراہم ہوگا، وزیراعلیٰ نے گوادر میں جی ڈی اے کے تحت تعمیر ہونے والی کثیر لاگت کی مختلف سڑکوں اور گوادر ڈگری کالج کے ایڈمن بلاک کا بھی افتتاح کیا، افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر محترمہ زبیدہ جلال، صوبائی وزراءمیر ظہور احمد بلیدی، زمرک خان اچکزئی، محمد سلیم کھوسہ، نورمحمد دمڑ، چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر اور دیگر حکام بھی موجو دتھے، وزیراعلیٰ نے شینزنی ڈیم کے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا جس پر لاگت کا تخمینہ پچاس کروڑ روپے ہے اور یہ ڈیم عرصہ دو سال میں مکمل ہوگا، اس ڈیم میں تقریباً سولہ ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا اور تقریباً پانچ ہزار ایکڑ فٹ پانی زراعت کے لئے استعمال میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گوادر کی ترقی کے منصوبوں خاص طور پر فراہمی آب کی اسکیموں کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے گوادر کی مجموعی ترقی کے لئے سنگ میل قراردیا، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پائپ لائن کے ذریعہ گوادر کو پانی کی فراہمی سے مقامی لوگوں کو ریلیف ملے گا اور پانی کی کمی کے بحران کا خاتمہ ہوگا، وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ سڑکوں کی تعمیر سے ضلع گوادر کے دوردراز اور شہری علاقوں سے کٹی ہوئی آبادیوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات ملیں گی، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ زیرتعمیر شادی کور ڈیم سے پائپ لائن کے ذریعہ گوادر کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ گوادر کی ضرورت کے مطابق پانی دستیاب ہوسکے اور ٹینکروں کے ذریعہ پانی کی فراہمی پر اٹھنے والے کثیر اخراجات کی بچت ہوسکے، واضح رہے کہ موجودہ دور حکومت میں سو کروڑ ر وپے کی لاگت سے سوڑ ڈیم مکمل کیا گیا ہے جس سے پائپ لائن کے ذریعہ گوادر کو پانی کی فراہمی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.