
- Advertisement -
صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان غلام اسرار خان نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے لوکل گورنمنٹ کے حلقوں کی حلقہ بندیاں کرانے کیلئے ٹائملائنز جاری کر دیئے، صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق حلقہ بندی کمیٹیوں کے نوٹیفیکیشن کیلئے 21 دن جو 10 سے 30 جنوری تک ہے اورحلقوں/وارڈز کی بنیادی(پریلیمنری) لسٹوں کی تیاری کیلئے 15 دن دیئے گئے ہیں جو 31 جنوری سے 14 فروری تک ہے۔،انہوں نے کہاکہ15فروری کو حلقوں کی حلقہ بندیوں کی بنیادی (پریلیمینری) لسٹیں جاری کی جائیں گی۔متعلقہ حلقے کا ووٹر حلقہ بندیوں پر 15 دن کے اندر اعتراضات جمع کروا سکے گا جو 16 فروری سے 2 مارچ تک جاری رہے گا۔ اعتراضات پر فیصلوں کا سلسلہ 30 دن تک جاری رہے گا جو 16 فروری سے 17 مارچ تک جاری رہیگا۔ حلقہ بندی اتھارٹی کے فیصلوں کو متعلقہ حلقہ بندی کمیٹیوں تک پہنچانے کیلئے 7 دن کا وقت ہوگا جوکہ 18 مارچ سے 24 مارچ تک ہوگا۔اور لوکل گورنمنٹ کی حلقوں/ وارڈز کی حتمی لسٹ 30 مارچ کو اویزاں کر دیا جائیگا۔