وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے وفاقی وزیر خزانہ اسدعمر اور وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال کی ملاقات



- Advertisement -

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے وفاقی وزیر خزانہ اسدعمر اور وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال نے پیر کے روز یہاں ملاقات کی، سینیٹر انوارالحق کاکڑ، سابق مشیر رف رند اور رکن قومی اسمبلی سردار اسرار ترین اس موقع پر موجود تھے، ملاقات میں بلوچستان کی ترقی، تجارتی سرگرمیوں میں اضافے اور صوبے میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز کے قیام سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ صوبے کے معدنی، زرعی اور دیگر وسائل کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت کے تعاون سے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کرکے ان وسائل کو صوبے اور ملک کے معاشی استحکام کے لئے بروئے کار لایا جاسکتا ہے جبکہ افغانستان اور ایران کے ساتھ مختلف سرحدی مقامات پر تجارتی مراکز اور مارکیٹوں کے قیام کے ذریعہ سمگلنگ کی روک تھام اور قانونی تجارت کو فروغ دیا جاسکتا ہے، وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعلی کو کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں سے اپنی ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تاجروں کی خواہش ہے کہ گوادرکے ساتھ ساتھ چمن، تفتان اور دیگر سرحدی مقامات پر بھی تجارتی سہولتوں میں اضافہ کیا جائے اور بوستان میں ای پی زیڈ کے قیام کے منصوبے کو جلد عملی جامہ پہنایا جائے، اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ ماضی میں صوبے کو وفاقی وزرا کے انتظار رہتا تھا تاہم اب وفاقی وزرا تواتر کے ساتھ بلوچستان آرہے ہیں جس سے وفاقی حکومت کو بلوچستان کے مسائل سمجھنے میں آسانی ہوگی، انہوں نے کہا کہ ملاقاتوں کے انعقاد سے مختلف تجاویز سامنے آتی ہیں اور مسائل کا حل نکلتا ہے، وزیراعلی نے کہا کہ بوستان میں ای پی زیڈ کے قیام سے تجارتی شعبہ پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور صوبے کی معدنی، زرعی اور دیگر پیداوار کی کھپت ہوگی، وزیراعلی نے کہا کہ کوئٹہ ،بوستان اورلسبیلہ میں صنعتی ترقی کا بنیادی ڈھانچہ بڑی حد تک موجود ہے جسے سہولیات کی فراہمی کے ذریعہ مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے جبکہ تفتان اور چمن میں صنعتی زونز کا قیام ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں فوڈ پراسیسنگ یونٹ سمیت دیگر صنعتوں کے قیام کی وسیع گنجائش موجود ہے جس کا فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، وزیراعلی نے کہا کہ حکومت مسلم باغ میں کرومائیٹ بینیفیکیشن پلانٹ لگانے کا منصوبہ شروع کررہی ہے جبکہ دیگر معدنیات کی تلاش اور ترقی کے منصوبوں کو بھی عملی جامہ پہنانے کے لئے بلوچستان منرلز ریسورس ڈویلپمنٹ بورڈ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں، وزیراعلی نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب سے نہ صرف سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوگی بلکہ تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا، وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعلی بلوچستان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت صنعت وتجارت کے فروغ کے لئے صوبائی حکومت سے بھرپور تعاون کرے گی اور بوستان میں ای پی زیڈ کے قیام کے منصوبے کو آئندہ دوسال میں مکمل کیا جائے گا۔