- Advertisement -
میٹروپولیٹن کارپوریشن نے تعمیراتی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے بلڈنگ کوڈ کے برخلاف بنائی گئی عمارتوں کے خلاف کریک ڈاﺅن شروع کردیا ، چیف آرکیٹیکٹ کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے میونسپل مجسٹریٹ کے ہمراہ کارروائی شروع کردی ،جبکہ چیف آرکیٹیکٹ عبدالعزیز کاکڑ نے کہا ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی بھی نہیں ،کسی بھی دباﺅ کو خاطر میں لائے بغیر کارروائی جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ کوئٹہ شہر میں عرصہ دراز سے بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی سے متعلق خبریں اور عوامی شکایات آرہی تھیں جن پر نوٹس لیتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن نے گزشتہ روز سے بلڈنگ کوڈ قوانین کے خلاف بنائی گئی عمارتوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ شروع کردیا ۔ پیر کے روز چیف آرکیٹکٹ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ عبدالعزیز کاکڑ کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے میونسپل مجسٹریٹ منظور احمد محمد حسنی کی موجودگی میں شہر کے مختلف علاقوں میں بلڈنگ کوڈ کے خلاف بننے والی متعدد عمارتوں کو مسمار کردیا جبکہ شارع اقبال ، پشتون آباد ، ایئر پورٹ روڈ اور سبزل روڈ سمیت دیگر علاقوں میں متعدد عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کئے گئے ۔ کارروائی کے دوران قبضہ مافیا کی جانب سے قائم کی گئی تجاوزات بھی ہٹائی گئیں جبکہ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف آرکیٹکٹ عبدالعزیز کاکڑ نے بتایا کہ یہ کارروائی عوامی شکایات پر شروع کی گئی ہے کیونکہ غیر قانونی عمارتوںا ور تجاوزات کے باعث شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے اور چونکہ کوئٹہ زلزلے زون میں واقع ہے اس لئے خلاف قانون تعمیر ہونے والی عمارتیں خطرے کی تلوار بن کر شہریوں کے سروں پر لٹک رہی ہیں انہوںنے کہا کہ ہمارے پاس وسائل محدود ہیں مگر ہم کسی قسم کے دباﺅ میں آئے بغیر یہ کارروائی جاری رکھیں گے تاکہ کوئٹہ شہر کو اس کا سابقہ حسن اور خوبصورتی واپس دلائی جاسکے انہوں نے شہریوں اور تاجر برادری سے خصوصی طور پرا پیل کی کہ وہ شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لئے کارپوریشن کے عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔