- Advertisement -
کوئٹہ11مارچ:۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے پاکستان میں متعین سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پیر کے روز یہاں ملاقات کی، ملاقات کے دوران بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور بلوچستان میں سعودی سرمایہ کاری کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں اس امر پر مکمل اتفاق کیا گیا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان موجود دیرینہ اوربرادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و معاشی روابط اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے جس کا فائدہ دونوں ممالک کے عوام کو پہنچے گا۔ سعودی سفیر نے بلوچستان میں شمسی توانائی، واٹر ڈیسیلینیشن اور آئل سیکٹر سمیت دیگر شعبوں میں سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس حوالے سے جلد امور کو حتمی شکل دے دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ خادم حرمین شریفین اور سعودی حکومت تمام مشکل حالات اور کڑے وقت میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پاکستان کو ہمیشہ سعودی عرب کا تعاون حاصل رہے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا اور سعودی سفیر کو سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے حکومت کی پالیسی، سرمایہ کاروں کی دی جانے والی سہولیات اورترغیبات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزراء میر ضیاء لانگو، سردار عبدالرحمن کھیتران، میر نصیب اللہ مری اور میر محمد خان لہڑی بھی اس موقع پر موجود تھے