بی پی ایل اے کے چارٹر آف ڈیمانڈ میں شامل مطالبات کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کروں گا، صوبائی وزیر ظہور بلیدی

- Advertisement -
صوبائی وزیر اطلاعات ، ہائیر و ٹیکنیکل ایجوکیشن ظہور بلیدی نے کالج اساتذہ کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر سطح پر اپنا فعال کردار ادا کرنے کاعزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیکچررز اور پروفیسرز معاشرے کا اہم طبقہ ہے جس کا علم و ہنر کے فروغ میں انتہائی اہم کردار ہے ، وزیراعلیٰ میر جام کمال کی قیادت میں موجودہ مخلوط صوبائی حکومت تعلیم کے فروغ اور تعلیمی شعبے میں مثبت اصلاحات کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گی ، بی پی ایل اے کے چارٹر آف ڈیمانڈ میں شامل مطالبات اور جملہ مسائل کے حل کے لئے بطور وزیر ہائیر وٹیکنیکل ایجوکیشن اپنا کردار ادا کروں گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر بلوچستان پروفیسر زاینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے صدر بی پی ایل اے آغا زاہد کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔ وفد نے صوبائی وزیر کو کالج اساتذہ کے مسائل اور بی پی ایل اے کے مطالبات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بطور استاد ہم نے ہمیشہ معاشرے کو علم و آگاہی دینے کے لئے اپنا فعال کردار اد اکیا ہے ترقیافتہ معاشروں میں اساتذہ کو حاصل مراعات اور سہولیات اپنی جگہ ہم فقط وہ مراعات و سہولیات چاہتے ہیں جو باقی صوبوں میں اساتذہ کو حاصل ہیں وفد نے وزیر ہائیر ایجوکیشن کو مسائل کے حوالے سے جامع بریفنگ دی اور چاٹر آف آڈیمانڈ میں شامل مطالبات سے آگاہی دی اس موقع پر صوبائی وزیر نے بی پی ایل اے کے چارٹرآف ڈیمانڈ میںشامل نکات پر عملدرآمد اور مسائل کے حل کے لئے اپنا فعال کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کے مسائل کا حل ہماری ترجیحات کا حصہ ہے بی پی ایل اے کے مطالبات اور مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں گے تاکہ پروفیسرز و لیکچررز تعلیمی شعبے کی بہتری کے لئے اپنا مزید فعال و متحرک کردار ادا کرسکےں ۔